مندرجات کا رخ کریں

بین الاقوامی خط تاریخ

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

بین الاقوامی خطِ تاریخ (international date line) ایک فرضی خط (لکیر) ہے، جو سطحِ زمین پر شمال سے جنوب تک نصف النہار اولیٰ (prime meridian) کے مخالف جانب (180 ڈگری کی دوری پہ) واقع ہے۔ ایک ہی وقت میں اس کے دونوں طرف دو مختلف تاریخیں ہوتی ہیں، یعنی مغربی حصے کی تاریخ مشرقی حصے کی تاریخ سے ایک دن آگے ہوتی ہے۔

180° درجہ کے طول البلد پر واقع بین الاقوامی خط تاریخ

بین الاقوامی خطِ تاریخ جاپان کے مشرق میں بحرالکاہل کے تقریباً وسط سے گزرتا ہے اور لگ بھگ 180 ڈگری کے طول البلد پر واقع ہے۔ نہ تو یہ خط بالکل سیدھا ہے اور نہ ہی اپنی اصل جگہ پر واقع ہے، کیونکہ بحرالکاہل میں کئی چھوٹے بڑے جزیرے ہیں اور اس خط کو کچھ مشرق یا مغرب کی طرف خم دے کر پورے جزیرے کو خط کے ایک طرف کر دیا گیا ہے، ورنہ ایک ہی جزیرے پر ایک ہی دن میں بیک وقت دو تاریخیں ہو جاتیں۔

دوران سفر اسے عبور کرنے سے تاریخ میں ایک دن کا فرق آ جاتا ہے۔ مثلا اگر کوئی 5 تاریخ کو بدھ کے دن اس خط پر مغرب سے مشرق کی طرف گذرے تو وہ اپنی گھڑی 24 گھنٹے یعنی پورا ایک دن پیچھے کر لیتا ہے اور اس طرح وہ دوبارہ منگل کے دن میں داخل ہو جاتا ہے اور تاریخ بھی ایک دن پیچھے چلی جاتی ہے یعنی 5 سے 4 ہو جاتی ہے۔

اس کے برعکس اگر کوئی 5 تاریخ کو بدھ کے دن اس خط پر مشرق سے مغرب کی طرف گذرے تو وہ اپنی گھڑی 24 گھنٹے یعنی پورا ایک دن آگے کر لیتا ہے اور اس طرح وہ جمعرات کے دن میں داخل ہو جاتا ہے اور تاریخ بھی ایک دن بڑھ جاتی ہے یعنی 5 سے 6 ہو جاتی ہے۔

مزید دیکھیے

[ترمیم]

حوالہ جات

[ترمیم]