سٹ کوم
مزاح موقعیت یا سٹ کوم (انگریزی: sitcom؛ جو situation comedy کا مخفف ہے) مزاح کی ایک قسم ہے جس کے کردار مشترکہ جگہ (جیسے گھر یا جائے کار) میں رہتے ہیں اور اکثر پُر مزاح مکالموں کا تبادلہ کرتے ہیں۔ ایسے پروگراموں کی ابتدا ریڈیو سے ہوئی، لیکن دورِ حاضر میں یہ زیادہ تر ٹیلی ویژن پر پیش کیے جاتے ہیں۔
ایک مزاحِ موقعیت ٹیلی ویژن پروگرام اپنی پیشکش کی نوعیت کے اعتبار سے اسٹوڈیو میں موجود ناظرین کے سامنے بھی فلمایا جا سکتا ہے۔ بعض اوقات اسٹوڈیو میں ناظرین کی بجائے اُن کا تاثر دینے کے لیے پس منظر میں قہقہوں کی آواز کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔
خصوصیات
[ترمیم]مزاحِ قیام اور مزاحِ خاکہ کے برعکس، مزاحِ موقعیت کی بنیاد باقاعدہ ایک کہانی پر ہوتی ہے جس میں کردار آتے جاتے رہتے ہیں۔ کہانی کسی خاندان، جائے کار یا دوستوں کے گروہ کا منظر پیش کرتے ہوئے عموماً مزاحیہ تسلسل کے حامل مواقع پر مبنی ہوتی ہے۔
19ویں صدی اور اس سے قبل، مختلف قسم کی تقریبات میں فنِ موسیقی کے مظاہرے کے ساتھ مزاحیہ خاکے پیش کیے جاتے تھے۔ جب ریڈیو ابلاغ کے ایک ذریعے کے طور پر ابھرا تو سامعین کے لیے ممکن ہوا کہ وہ اپنے مخصوص پروگراموں کو باقاعدگی اور تسلسل سے سن سکیں۔ لہٰذا مزاح کی پیشکش میں تبدیلی آئی اور پروگراموں کی ہر قسط میں میں وہی کردار اور مواقع تسلسل کے ساتھ پیش ہونے لگے تاکہ ناظرین اُن سے واقف ہوجائیں۔