مُسَرطِن
کوئی بھی ایسی شۓ یا مادہ یا مواد جو سرطان کی پیدائش کا سبب بن سکتی ہو اس کو مسرطن (carcinogen) کہا جاتا ہے، مسرطن کا لفظ سرطان سے بنا ہے یعنی سرطان پیدا کرنے والا یا سرطان والا اور یہ ایسے ہی ہے کہ جیسے روغن سے مرغن بنایا جاتا ہے یعنی روغن والا۔ یہاں ایک بات کی وضاحت ضروری ہے کہ مسرطن اور مطفر میں بنیادی فرق یہ ہے کہ مسرطن اوپر کے بیان کے مطابق کوئی بھی سرطان کا باعث بننے والی شے ہو سکتی ہے جبکہ مطفر (mutagen) صرف اسی شے کو کہا جاتا ہے کہ جو طفرہ (mutation) پیدا کرتی ہو۔ یعنی یوں بھی کہا جا سکتا ہے کہ مطفر اصل میں ایسا مسرطن ہوتا ہے کہ جو طفرہ پیدا کر کے سرطان پیدا کرتا ہے، یہاں اس بات کا مدنظر رکھنا ضروری ہے کہ گو مطفر، مسرطن ہو تو سکتا ہے مگر لازمی نہیں کہ ہمیشہ ایسا ہو یعنی ایسے مطفر (بطور خاص طفرات) بھی ہوتے ہیں کہ جو سرطان پیدا نہیں کرتے۔